آواز کا راز اورجن کا شکار

آواز کا راز اورجن کا شکار


ایک جن اور گھنگرو


ہم نے ایک خوفناک جن پکڑا



تحریر :   مریم افضل


یہ ان دنوں کا قصہ ہے جب ہمارا سارا خاندان ایک ہی گھر میں رہتا تھا جن میں ہمارے ابا،ا ماں، دادا ،دادی تین چچا اور ان کے اہل خانہ، ہمارے والد کی دو بہنوں کے ساتھ ہم پانچ بہن بھائی  شامل تھے۔ گھر  میں بچوں کے شور شرابےسے خوب چہل پہل اور رونق لگی رہتی تھی۔ہم سب اس ماحول کو بہت انجوائے کیا کرتے تھے۔ 

گرمیوں کا موسم تھا جب ایک دن ہمارے ساتھ ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے ہمیں یہ سکھایا کہ ہمیشہ سچ جاننے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم حقیقت کو جانے بغیر کسی چیز کا گمان نہ کرسکیں۔

عصر کا وقت تھااوراس دن بہت سخت گرمی تھی کہ اچانک آسمان پر گرد و غبار اٹھا جوآناً فاناً تیز آندھی میں بدل گیا۔ ہوا بہت تیز تھی جس کی وجہ سے چیزیں ادھر سے ادھر گررہی تھیں۔کھڑکیاں ،  دروازے  زور زور سے بج رہے تھے، لائٹ بھی جا چکی تھی اورہوا سےہولناک آوازیں آرہی تھیں جس سے ہم سب  بچے بہت ڈر رہے تھے۔

  آندھی تو  کچھ دیر کے بعدتھم گئی تھی لیکن ہواابھی بھی تیز تھی اوراب ہولناک آوازیں آنابھی بند ہو گئی تھیں۔  پھر اچانک فضاء میں چھن چھن کی  آواز یں آنےلگیں جیسے گھنگھرو بج رہے ہوں اور کوئی  رقص کر رہا  ہو اب توہم اور بھی زیادہ  ڈر گئے کہ  ہمارے گھر میں کون  پائل  پہنے ناچ رہا ہے؟ 

اب تو سب گھر والے ہی متوجہ ہوئے کہ آواز تو واقعی گھنگھرو بجنے کی ہے لیکن یہ آ خرآ کہاں سے رہی ہے؟ اس موسم میں اور وہ بھی اندھیرے میں کون احمق ناچ رہاہے؟ تب ہم سب بچوں نے مل کرپورے یقین کے ساتھ کہا کہ یہ تو یقیناً  جن ناچ رہے ہیں۔

ہمارے بڑے بھائی صاحب  جنہیں سائنس دان بننے کا بڑا ہی شوق تھا، فوراً  میدان میں آئے اور کہنے لگے کہ کوئی جن ون نہیں ہوتے یہ صرف انسان کا خوف ہوتا ہے۔ میں جنوں بھوتوں سے بلکل بھی نہیں ڈرتا اور میں اس آواز کا سراغ لگا کر حقیقت سب کے سامنے لاکر دیکھاوں گا کہ آخر  یہ کس چیز کی آواز ہے اور کہاں سے آرہی ہے۔ 

چلئیے بھئی دیکھتے ہیں کہ آخر  یہ ماجرہ کیا ہے ہم سب نے متجسس ہو کر بھائی کی طرف دیکھا۔بس توپھر ہم  بچہ پارٹی بھی ایک ٹیم بنا کر منظم طریقے سے بھائی صاحب کے ساتھ ہو لیے ، بھائی صاحب آگے آگے اور ہم  سب ان کے پیچھے پیچھے، لگے آوز کا  پیچھا کرنے اور بقول بچوں کے جن  پکڑنے۔ 

خیر یہ چھن چھن کی آواز کبھی ہمارے  بہت قریب  سے آتی تو کبھی دور چلی جاتی  ، ہم اس کو  پکڑ نہیں پا رہے تھے۔  ہم چیخ   چیخ کربھائی کو منع  بھی کر رہے  تھے کہ ان کے قریب مت جاؤ یہ جن ناچ رہے ہیں اور یہ آپ کو پکڑ لیں گے۔ لیکن بھائی صاحب بضد تھے کہ میں جن کو پکڑ کر ہی رہو گا تم لوگ دیکھنا سچ سامنے آکر ہی رہے گا۔

''چلو جی  اب ہو گئی شروع جاسوسی فلم''  پیچھے سے کسی نے آواز لگائی۔        


آواز کا راز اور جن کا شکار


شام ہونے والی تھی،اندھیرا چھانے لگا تھااور لائٹ بھی چلی گئی تھی جس کی وجہ سے  جھنکار کی آواز زیادہ ہولناک لگنے لگی تھی۔اب ہم بھی بھائی صاحب کی دیکھا دیکھی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹارچ اٹھائے ان کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنےلگے۔ آواز تھی کہ کسی ایک جگہ ٹک ہی نہیں رہی تھی کبھی برآمدے سے سنائی دیتی تو کبھی صحن میں پہنچ جاتی۔ 

بہت دلچسپ صورت حال تھی ،چھن چھن کی جھنکار آگے آگے اور ہم  اس کے پیچھے پیچھے، جیسے ٹوم اور جیری کا کھیل شروع ہو گیا ہو ۔ ہار ماننے والے تو ہم بھی نہیں تھے اب ہمارا خوف بھی   ایک مشن میں بدل چکاتھا جس کا نام ہم نے ''  آواز کا راز'' رکھا۔ ہمیں اس مشن کو ہر حال میں پورا کرنا تھا   جس نے ہمیں بہت دیر سے تجسس اور خوف میں ڈالا ہوا تھا۔اس کے لیے ہم  بہت پر جوش تھےکیونکہ اب یہ ہماری عزت کا سوال تھا۔ 

 خیر اب اندھیرا بھی کافی پھیل چکا تھا اور جن بھی ہاتھ نہیں آرہا تھا  اورہم بھی پیچھے ہٹنےوالے نہیں تھے ، تھکن  اور خوف کی پرواہ کیے بغیر ہم  اس آواز کے تعاقب میں لگے رہے ۔چونکہ ہوا ابھی تک تیز تھی  اس لیے  اس پکڑن پکڑائی میں  کافی مشکل ہو رہی تھی، آواز کبھی تیز ہو جاتی تو کبھی بہت دھیمی ہو جاتی کبھی قریب سے آتی تو کبھی دور ہو جاتی، اس لیے ہم اس تک پہنچ نہیں پا رہے تھے۔ 

خیر بھاگتے بھاگتے اب   یہ آواز ہمیں اپنے گھر کے سٹور سے آنے لگی تھی کیونکہ  سٹور کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور وہاں گھپ اندھیرا تھا ۔  جہاں دن کے ٹائم جانا بھی ہمارے لیے  سوہان ِروح  ہوتاتھا ،کُجا رات کے وقت وہاں جانا اور وہ بھی  گھپ اندھیری اور خوفناک رات میں جبکہ لائٹ بھی گئی ہوئی ہو۔۔۔۔۔ 

بس پھر اللہ کا نام لیا اور آیت الکرسی پڑھتے ہوئے ہم سب نے دل بڑا کیا اور اپنی اپنی ٹارچیں سنبھالے ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے   ڈرے ڈرے،سہمے سہمے   ،آہستہ آہستہ  سٹور کےاندر گھسے  ۔سب سے آگے بڑے بھائی صاحب تھے جواس وقت کسی جاسوسی فلم کے ہیرو سے کم نہیں لگ رہے تھے، ڈھن ڈھن، چھک چھک،   ایک ہاتھ میں ٹارچ اور دوسرے ہاتھ میں چھڑی اٹھائے وہ بہت محتاط ہو کر چیزیں ہٹا ہٹا کر آواز کا پیچھا کر رہے تھے جو کہ سٹور سے ہی آ رہی تھیں۔ 

اب ہوا بھی کافی حد تک تھم چکی تھی جوکہ سٹور میں تو ویسے بھی کم ہی جارہی تھی جس کی وجہ سے اب چھن چھن کی آواز قدرے وقفے سے لیکن بہت  قریب سے آ رہی تھی۔ ہماراتجسس بھی بڑھتا جا رہا تھا اور  صبر  بھی  جواب دے رہا تھا۔

اچانک  بھائی صاحب کی چھڑی کسی چیز سے ٹکرائی  تو آواز آنا بند ہو گئی اب ہم سب اس طرف متوجہ ہوئے۔  جب بھائی صاحب نے چھڑی کو ہٹایا تو پھرسے آواز آنے لگی  تو ہم سمجھ گئے کہ جن یہیں کہیں موجود ہےاور ہم سب اس تک پہنچ گئے ہیں لہٰذا  سب نے سی آئی   ڈی کی ٹیم کی طرح اپنی اپنی ٹارچوں کا رخ عین اسی جگہ پر کیا  جہاں سے آواز آ اور جا رہی تھی۔

جب ہم سب نے اس پر فوکس کیا تو ہمیں  وہاں ایک شاپر میں کچھ لپٹا ہوا دیکھائی دیا ہم تو ڈر کے مارے ایک دوسرے کے پیچھے چھپنے لگے کہ کہیں جن شاپر سے باہر ہی نہ آجائے۔جبکہ بھائی صاحب نے جھٹ سے وہ شاپر اپنے قبضے میں لیا  اورباہر آگئے۔ 

ہم سب بھی اپنی اپنی ٹارچیں  سنبھالےسٹور سے  باہربھاگے،  اور  بہت جوش و خروش سے شور مچا دیا کہ آج ہم سب نے جن پکڑ لیا ہے۔سب دیکھو ہمارے قبضے میں  جن آگیا ہے  ہم بہت بہادر ہیں  اور پتہ  نہیں کیا کیا ڈینگیں مارنے لگے۔ 

اب جناب سب گھر والے ہمارے گرد جمع ہو گئے کہ ہم بھی دیکھیں بھئی بچوں نے کیا تیر مارا ہے اور کون سا جن پکڑ لیا ہے۔ ادھر ہم سب بڑے تیس مار خان بنے خوب اترا رہے تھے کہ آج ہم سے بڑا  بہادر کوئی نہیں ۔

اتنے میں لائٹ بھی آگئی اور یہ خبر سارے خاندان میں پھیل گئی کہ  آخر کاربچوں نے مل کر جن قابو کر لیا  ہے۔لہٰذا اسے دیکھنے کے لیے سارا خان دان اکٹھا ہو گیا  ،اور بھائی صاحب بڑے تفخرانہ انداز میں  سینہ تانےسب کو  آواز کا رازدیکھانے کے لیے تیار کھڑے تھے۔ہم سب بچوں نے ان کے گرد ایک ہالہ بنا دیا کہ کہیں جن شاپر سے نکل کر بھاگ نہ جائے۔ 

اگر یہ چھلانگ لگا دے تو کیا ہوگا؟" میری چھوٹی بہن نے چیخ ماری۔"

پھر آپ پہلا ناشتہ بنیں گے!"  میں نے تیزی سے کہا !تو سب بچے ہنس دیئے کھی کھی کھی۔"

اب جی بہت احتیاط سے شاپر کو کھولا گیا اوراس میں سے آہستہ آہستہ   کاغذ میں لپٹی ہوئی  اس چیز کو نکالا جارہا تھا  جو سب کی 

متجسس نگاہوں کا مرکز تھی کہ آخر اس  میں ہے کیا؟ دیکھیں تو سہی کہ جن کس طرح کا  ہوتاہے جس کے لیے بچوں نے  پورا گھر ہی سر پہ اٹھایا ہوا   ہے۔

جب کاغذ کھولا گیا اور جو چیز اس کے اندر سے برآمد ہوئی تو  اسے دیکھ کر سب کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا کیونکہ وہ   توجناب بجلی کا ایک فیوز شدہ بلب تھا جو احتیاطاً  کاغذ میں لپیٹا گیا تھا کہ اس کا کانچ ٹوٹ کر کسی کو چبھ نہ جائے۔ 

چلو جی کھودا پہاڑ  اور نکلا چوہا وہ بھی مرا ہوا،   دادی اماں جھلائیں  کہ کم بخت دیکھو تو ذرا جن کو مْوواء ،نکلا بھی تو کیا ایک   ٹوٹا ہوا بجلی کا بلب  ،،،،سب ہم پر ہنسنے لگے  اور ہمارا خوب مذاق اڑایاکہ دیکھو تو ذرا ان بچوں کا جن  ،جو ان کے قابو میں آ گیا ہے لیکن بھائی  صاحب کی سب تعریف کر رہے تھے  کہ آخر کار انہوں نے آواز کا کھوج نکال ہی لیا۔ 

ہمیں  مارے شرمندگی کےدو سو واٹ کا جھٹکا لگا  کہ یہ بلب کہاں سے آگیا ہم نے تو ایک جن پکڑا تھا  ،جبکہ ہمارے بھائی صاحب سینہ تانے بڑے فخر سے فرما رہے تھے کہ میں نہیں کہتا تھا کہ کوئی جن ون نہیں ہےیقیناً اس آواز کے پیچھے کوئی راز ہے اور میں اس راز کو پا لوں گا  اور دیکھو حقیقت تمہارے سامنے ہے۔

بہت حیرت ،شرمندگی اور غصے سے وہ بلب ہم پھینکنے ہی والے تھے کہ بڑے بھائی نے ہم سے اچک لیا اور اسے بہت آرام سے صحن میں لے جاکر  نیچےفرش پہ رکھ دیا   اور فرمانے لگے کہ چلو اب ہم سب تمہارے اس جن کا ناچ بھی دیکھتے ہیں اب یہ دیکھنے کےلیے کہ یہ  توایک ٹوٹا ہوا بلب ہے تو پھرچھن چھن کی آواز کہاں سے آرہی تھی یہ تجسس تو سب کو  ہی تھا جسے دیکھنے کے لیے سب لوگ صحن میں جمع ہو گئے ۔

جونہی ہوا کا جھونکا آیا تو وہ جن صاحب پھر زندہ ہو گئے اور  پہن کے پائل بجنے لگے گھنگھروہونے لگی چھن چھن، یہ سن کر سب کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔ لائٹ بھی آ چکی تھی اور سب خاندان والے  بھی  ابھی تک وہیں موجود تھےاور سب نے ہی  نہ صرف وہ آواز سنی بلکہ  جن کے ناچنےکا نظارہ بھی کیا اور  خوب لطف اندوز  ہوئے کہ دیکھو بھئی جن تو بلب کے اندر ہےجسے بچوں نے بڑی بہادری سے پکڑ لیا ہے  اور سب بچوں نے یک  زبان  ہو کرکہا کہ'' اب ہوا جن کا راز فاش  ،،،،اوربلب کا جن پکڑا گیا۔۔۔۔۔۔ہاہاہاہاہاہاہا''اور سب کے قہقے گونجنے لگے۔ 

قصہ دراصل یہ تھا کہ بجلی کا وہ   بلب فیوز ہوچکاتھا یعنی کہ اس کے اندر  ایک چھوٹا سا باریک سپرنگ دو چھوٹی چھوٹی ٹیوبوں کے ساتھ جڑا  ہوتا ہے جو دونوں طرف سے ٹوٹ کر بلب کے اندر ہی گر جاتا ہے اور بلب بیکار ہو جاتا ہے ۔ ایسے  بلب  کو ہلانے سےپائل جیسی  جھنکار کی آواز آتی ہے ۔

اس لیے جب ہوا کے زور سے  وہ بلب والا شاپر ادھر سے ادھر دوڑتا پھر رہاتھا تو چھن چھن جیسی آواز آتی تھی جیسے  کوئی پائل پہن کر ناچ رہا ہو جسےسن کر ہم بچوں نے اسے جن کا ناچ سمجھا اور یہاں سے ہمارے اس مشن '' آواز کا راز اور جن کا شکار  ''  کا آغاز ہوا جو بلاآخر  ہماری معلومات میں اضافے پر ختم ہوا کہ بغیر تحقیق کیے کسی بھی چیز کے گمان کرنے اور کسی قسم کے خوف کو اپنے اوپر حاوی ہونے سے بچناچاہیے۔

کہانی کا سبق: 

ہر راز   اور ہر خوف کے پیچھے جن  نہیں ہوتا ، ہمیشہ سچ جاننے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم حقیقت کو جانے بغیر کسی چیز کا گمان نہ کرسکیں۔اس لیے سچ جاننے میں ہی بھلائی ہے!

آپ کی رائے:

یہ کہانی آپ کو کیسی لگی اور آپ نے اس سے کیا سبق حاصل کیا ۔ اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں اور اس کہانی کو اپنے دوستوں کو شیئر کریں ، لائک کریں اور اچھے اچھے کمنٹ کریں شکریہ !

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے