ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی میں کیا فرق ہے اوراہم علامات کیا ہیں: اپنے اندرونی دباؤ کو کیسے پہچانیں؟

 

ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی میں کیا فرق ہے اوراہم علامات کیا ہیں: اپنے اندرونی دباؤ کوکیسے پہچانیں؟



ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی میں کیا فرق ہے اوراہم علامات کیا ہیں: اپنے اندرونی دباؤ کو کیسے پہچانیں؟

تحریر: مریم افضل
07/17/2026

ذہنی تناؤ (Stress) اور اینگزائٹی (Anxiety) میں کیا فرق ہے؟

ہمارے معاشرے میں اعصابی بیماریوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکا جاتا ہے، حالانکہ حیاتیاتی (biological) اور نفسیاتی طور پر ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی دو بالکل الگ الگ کیفیات ہیں۔ جب تک آپ ان کا مائیکروسکوپک فرق نہیں سمجھیں گے، آپ کبھی بھی ان کا درست علاج تلاش نہیں کر پائیں گے۔اکثر لوگ ان دونوں کیفیتوں کو ایک ہی سمجھ لیتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ ان کا صحیح علاج نہیں کر پاتے۔ ان دونوں کے درمیان ایک باریک مگر انتہائی اہم فرق ہے، جسے سمجھنا  اس دشمن کو پہچاننے کے لیے ناگزیر ہے۔

1۔ ذہنی تناؤ کیا ہے؟ (Stress)

طبی زبان میں، تناؤ (Stress) کسی بھی بیرونی تبدیلی یا دباؤ کے خلاف جسم کا ایک فوری، حیاتیاتی ردعمل ہے۔ جب آپ کے سامنے کوئی چیلنج آتا ہے، تو آپ کا جسم عارضی طور پر ہائی الرٹ موڈ پر چلا جاتا ہے۔تناؤ ہمیشہ کسی واضح اور بیرونی وجہ (External Trigger) کا فوری نتیجہ ہوتا ہے۔

طبی عمل: جیسے ہی آپ کو کسی خطرے یا ڈیڈ لائن کا سامنا ہوتا ہے، دماغ کا ایک حصہ Hypothalamus گردوں کے اوپر موجود غدود (Adrenal Glands) کو فوری سگنل بھیجتا ہے۔ وہاں سے Adrenaline نامی ہارمون خارج ہوتا ہے، جو خون کے بہاؤ کو پٹھوں کی طرف تیز کر دیتا ہے، سانس کو تیز کرتا ہے تاکہ جسم کو زیادہ آکسیجن ملے، اور بلڈ پریشر بڑھا دیتا ہے۔

حقیقی زندگی کی مثالیں:

مثال کے طور پر، جب آپ کے آفس میں کسی پروجیکٹ کی آخری تاریخ (Deadline) سر پر ہو، کسی قریبی رشتے دار سے شدید بحث ہو جائے، یا اچانک کوئی بڑا مالی نقصان ہو جائے۔

·         کل صبح آفس میں پریزنٹیشن ہے اور آج رات آپ کا لیپ ٹاپ خراب ہو جائے۔

·         سڑک پار کرتے ہوئے اچانک تیز رفتار گاڑی کا سامنے آ جانا۔

·         کسی پیارے کی اچانک شدید بیماری کی خبر ملنا۔

حتمی نتیجہ: تناؤ عارضی ہوتا ہے۔ جیسے ہی پریزنٹیشن ختم ہوگی، گاڑی گزر جائے گی، یا لیپ ٹاپ ٹھیک ہو جائے گا، آپ کے جسم کا الارم سسٹم بند ہو جائے گا اور جسم دوبارہ معمول کی حالت (Homeostasis) میں واپس آ جائے گا۔

جیسے ہی وہ بیرونی وجہ ختم ہوتی ہے یا مسئلہ حل ہوتا ہے، تناؤ بھی عام طور پر کم یا ختم ہو جاتا ہے۔ یہ ایک وقتی اعصابی ردعمل ہے جو جسم کو خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار کرتا ہے۔

2۔ اینگزائٹی کیا ہے؟ (Anxiety)

اینگزائٹی (Anxiety) ذہنی تناؤ کا اگلا اور خطرناک ترین مرحلہ ہے۔ یہ وہ ذہنی کیفیت ہے جو بیرونی محرک (Trigger) کے ختم ہونے کے باوجود بھی آپ کے اعصاب پر سوار رہتی ہے۔ یہ موجودہ خطرے کا نہیں، بلکہ مستقبل کے ممکنہ خطرات کا ایک مستقل وہم ہے۔اینگزائٹی ذہنی تناؤ سے کہیں زیادہ گہری اور خطرناک کیفیت ہے۔ یہ وہ طوفان ہے جو کسی بیرونی وجہ کے بغیر بھی، آپ کے اندرونی خوف، وسوسوں اور وہم سے جنم لیتا ہے۔

طبی عمل: اینگزائٹی میں دماغ کا جذباتی کنٹرول سینٹر جسے Amygdala کہتے ہیں، وہ حد سے زیادہ حساس (Hypersensitive) ہو جاتا ہے۔ یہ بغیر کسی خطرے کے بھی چوبیس گھنٹے جسم کو یہ جھوٹا سگنل بھیجتا رہتا ہے کہ آپ کسی بڑی مصیبت میں ہیں۔

حقیقی زندگی کی مثالیں:

مثال کے طور پر،

·         اگر آپ کا پروجیکٹ کامیابی سے جمع ہو چکا ہے لیکن آپ مسلسل تین دن سے سو نہیں پا رہے کہ "اگر باس کو کوئی غلطی مل گئی تو میری نوکری چلی جائے گی اور میں سڑک پر آ جاؤں گا۔"

·         گھر کے تمام دروازے لاک ہیں، سب خیریت سے سو رہے ہیں، لیکن آپ کا دل بیٹھا جا رہا ہے کہ "اگر رات کو چور آ گئے یا زلزلہ آ گیا تو کیا ہوگا؟"

·         کسی محفل میں جانے سے پہلے یہ سوچ کر پسینے آنا کہ " کیا میں  اچھا سا تیار ہوا ہوں ، کہیں برا تو نہیں لگ رہا ، یا  حد سےزیادہ  تو تیار نہیں ہو گیا، اگر سب نے میرا مذاق اڑایا تو میں کیا کروں گا؟"

"جب سامنے کوئی خطرہ موجود نہ ہو، لیکن دماغ مسلسل مستقبل کے برے ترین حالات (Worst-case scenarios) کے خیالی خاکے بنا کر سہم رہا ہو۔

آسان الفاظ میں: عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق، تناؤ موجودہ وقت کی حقیقی پریشانی کا ردعمل ہے، جبکہ اینگزائٹی اس آنے والی پریشانی کا وہم ہے جو شاید مستقبل میں کبھی آئے گی ہی نہیں۔

جب جسم بولتا ہے: علامات اور ذہنی دھند  (Brain Fog)   کیاہے؟

اکثر لوگ جب مسلسل کام کرنے کے بعد چیزیں بھولنے لگتے ہیں یا تھکن محسوس کرتے ہیں، تو وہ اسے "عام سستی" یا "کام چوری" کا نام دے کر خود کو کوستے ہیں۔ لیکن ہمارا جسم بہت سمجھدار ہے۔ جب ہمارا ذہن مسلسل دباؤ میں ہوتا ہے اور ہم اس کے سگنلز کو نظر انداز کرتے ہوئے خود کو زبردستی کام میں جتائے رکھتے ہیں، تو اعصابی نظام تھک کر جواب دے دیتا ہے۔ اسے طبی زبان میں "ذہن کی دھند" (Brain Fog) کہتے ہیں۔ یہ کوئی بیماری نہیں، بلکہ دماغ کا ایک حفاظتی الارم ہے کہ "اب بس کر دو!"۔

دماغ کا وزن ہمارے کل جسمانی وزن کا صرف 2 فیصد ہوتا ہے، لیکن یہ جسم کی 20 فیصد توانائی استعمال کرتا ہے۔ جب ہم مسلسل ذہنی دباؤ اور اینگزائٹی میں رہتے ہیں، تو دماغ کا فرنٹل لوب (Frontal Lobe) جو فیصلے کرنے اور توجہ مرکوز کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے، اسے توانائی ملنا بند ہو جاتی ہے۔ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی کی علامات کو سمجھنا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ صرف سوچوں تک محدود نہیں رہتیں بلکہ یہ پورے جسم پر اثر انداز ہوتی ہیں۔

آئیں اس کی ان  بڑی علامات کو گہرائی سے سمجھتے ہیں جنہیں لوگ روزانہ نظر انداز کرتے ہیں ۔جب آپ ذہن کی دھند کا شکار ہوتے ہیں، تو آپ کو درج ذیل بڑی تکلیف دہ علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے:

1۔ سوچوں کی تیز رفتاری اور بے چینی (Racing Thoughts & Anxiety)

کیا آپ نے کبھی محسوس کیا ہے کہ بستر پر لیٹتے ہی آپ کا دماغ ایک ایسی ریل گاڑی بن جاتا ہے جس کی بریک فیل ہو چکی ہو؟ ایک خیال ختم نہیں ہوتا کہ دوسرا شروع ہو جاتا ہے۔یا  پھرایسا محسوس ہوتا ہے جیسے دماغ میں ایک وقت میں سو ٹی وی چینلز چل رہے ہیں، ہر چینل پر الگ شور ہے، اور ان کا ریموٹ کنٹرول کہیں گم ہو گیا ہے۔ آپ چاہ کر بھی اپنی سوچوں کو خاموش نہیں کر پاتے۔

اینگزائٹی کی سب سے بڑی علامت مسلسل بے چینی ہے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی بہت بڑی پریشانی لگنا، ہر وقت یہ سوچنا کہ کچھ برا ہونے والا ہے۔ دماغ ایک خیال سے دوسرے خیال پر بھاگتا رہتا ہے اور انسان چاہ کر بھی اسے روک نہیں پاتا۔ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے جیسے ان کے سینے پر کوئی بوجھ رکھا ہے اور وہ پرسکون نہیں ہو پا رہے۔

 طبی طور پر، جب جسم میں کورٹیسول (Cortisol) کا لیول ہائی ہوتا ہے، تو یہ دماغ کے نیورو ٹرانسمیٹرز کے توازن کو بگاڑ دیتا ہے۔ دماغ سکون کے سگنل (GABA) نہیں بنا پاتا، جس کی وجہ سے خیالات کا ایک لامتناہی طوفان کھڑا رہتا ہے اور انسان خود کو اپنے ہی دماغ کا قیدی محسوس کرتا ہے۔

توجہ اور یادداشت میں کمی (Cognitive Fatigue)

جب ذہن مسلسل پریشان ہو تو کسی ایک کام پر توجہ دینا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ کام کرتے ہوئے جلدی بھول جانا، چیزیں رکھ کر بھول جانا، پڑھائی یا آفس کے کام میں دل نہ لگنا۔ انسان ایک ہی فیصلہ کرنے میں گھنٹوں لگا دیتا ہے کیونکہ اسے لگتا ہے کہ اس سے غلطی ہو جائے گی۔ اس وجہ سے روزمرہ کے کام بھی بوجھ لگنے لگتے ہیں۔

آپ کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں لیکن ایک لائن تک سمجھ نہیں آتی۔ چابیاں، موبائل یا ضروری فائلیں رکھ کر بھول جانا، اور روزمرہ کے چھوٹے چھوٹے فیصلے (جیسے آج کھانے میں کیا بنانا ہے) کرنے میں شدید الجھن محسوس ہونا۔آپ کچن میں جاتےہیں لیکن وہاں کھڑے ہو کر سوچنے لگتےہیں کہ "میں یہاں کیا لینے آئا تھا؟"۔ آپ ایک ای میل پڑھتےہیں، لیکن تین بار پڑھنے کے بعد بھی اس کا مطلب سمجھ نہیں آتا۔ ہارورڈ ہیلتھ پبلشنگ کی تحقیق کے مطابق، جب ذہنی دباؤ طویل ہو جائے تو دماغ کا وہ حصہ جو یادداشت محفوظ کرتا ہے (Hippocampus)، وہ عارضی طور پر سکڑ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو چابیاں، موبائل، اور اہم نام یاد رکھنے میں شدید دشواری ہوتی ہے۔

3۔ جسمانی جکڑن اور "فائیبرومیالجیا" کا آغاز (Somatization)      

ہمیں لگتا ہے اینگزائٹی صرف دماغ پر اثر کرتی ہے، حالانکہ یہ پورے جسم کو جکڑ لیتی ہے۔  امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن (APA) کے مطابق ، جب دماغ خطرے کا سگنل دیتا ہے تو پٹھے خود بخود سخت ہو جاتے ہیں تاکہ ہم لڑنے یا بھاگنے کے لیے تیار ہوں۔ جب یہ دباؤ مہینوں رہے تو یہ عارضی سختی مستقل جکڑن بن جاتی ہے، خاص طور پر گردن، کندھوں اور کمر کے نچلے حصے میں۔ یہی وجہ ہے کہ صبح اٹھتے ہی آپ کے جسم میں شدید درد ہوتا ہے جیسے رات کو کسی نے آپ کو مارا پیٹا ہو۔

یہ وہم یا ڈرامہ نہیں ہے:

عام زبان میں اسے "دماغ کا درد، جسم میں محسوس ہونا" کہہ سکتے ہیں۔ جب انسان اپنا غم اور تناؤ باہر نہیں نکال پاتا تو دماغ اسی دباؤ کو جسمانی علامت بنا کر ظاہر کرتا ہے۔ مریض کو تکلیف واقعی محسوس ہوتی ہے، وہ بہانہ نہیں کر رہا ہوتا۔ فرق صرف یہ ہے کہ جڑ جسم میں نہیں بلکہ دماغ کے اسٹریس سسٹم میں ہے۔ ڈاکٹری زبان میں اسے (Somatic Symptom Disorder) کہا جاتا ہے۔ یعنی آپ کا جسم آپ کے ذہنی بوجھ کی زبان بول رہا ہے۔اس کی عام مثالیں: تمام ٹیسٹ نارمل آنے کے باوجود مسلسل سر درد، سینے میں درد، پیٹ میں گڑبڑ، چکر آنا، ہاتھ پاؤں سن ہونا، جسم میں جلن یا سوئیاں چبھنا۔

اور یہی کیفیت آگے چل کر فائیبرومیالجیا (Fibromyalgia) بنتی ہے:

یہ ایسی حالت ہے جس میں ہڈیوں اور جوڑوں میں کوئی خرابی نظر نہیں آتی، لیکن پورے جسم میں لمبے عرصے تک درد رہتا ہے۔ اس کو "جسم کے درد والے بٹن کا حد سے زیادہ حساس ہو جانا" سمجھ لیں۔ دماغ کا درد کنٹرول کرنے والا نظام خراب ہو جاتا ہے اور عام دباؤ کو بھی بڑے درد کے طور پر لیتا ہے۔

اس کی 4 بڑی علامات ہیں:

1۔ صبح کے وقت شدید اکڑن والا درد

 2۔ 8 گھنٹے سو کر بھی تھکن نہ جانا

 3۔ فائبرو فوگ (Fibro Fog) یعنی نیند ٹوٹنا اور توجہ نہ جمنا

 4۔ اس کے ساتھ اینگزائٹی، ڈپریشن اور معدے کے مسائل (IBS) کا ہونا۔

اہم بات: اس کا کوئی ایک خون ٹیسٹ نہیں۔ یہ جان لیوا نہیں، جوڑوں کو خراب نہیں کرتی، لیکن زندگی کی کوالٹی پر بہت اثر ڈالتی ہے۔ اس کا بہترین علاج روزانہ ہلکی واک، نیند کا وقت ٹھیک کرنا اور تناؤ کم کرنے کی مشقیں ہیں۔

4۔ معدے کی بغاوت اور آئی بی ایس (Gut-Brain & IBS)

معدے پر بھی اس کا بہت اثر ہوتا ہے، جیسے متلی آنا، پیٹ میں گڑبڑ، بھوک کا بالکل ختم ہو جانا یا بہت زیادہ بڑھ جانا۔یا جذباتی دباؤ میں حد سے زیادہ کھانا (Stress Eating معدے میں تیزابیت کا بننا اور پیٹ کا مستقل پھولے رہنا معدے کی بغاوت کہلاتا ہے۔ہمارے معدے میں کروڑوں اعصابی خلیات ہوتے ہیں جو دماغ کے ساتھ سیدھے جڑے ہوتے ہیں۔ جب آپ ذہنی طور پر پریشان ہوتے ہیں، تو دماغ معدے کی طرف خون کی سپلائی روک دیتا ہے تاکہ وہ توانائی اہم اعضاء (دل اور پھیپھڑوں) کو دے سکے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ کھانا ہضم ہونا بند ہو جاتا ہے، معدے میں تیزابیت کا طوفان کھڑا ہو جاتا ہے، اور انسان کو بلاوجہ متلی، پیٹ میں درد، یا آئی بی ایس (IBS) جیسی تکلیف دہ بیماری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

5۔ آنکھیں کھلی، دماغ بند: نیند کا غائب ہونا (Hyperarousal & Insomnia)

تناؤ اور اینگزائٹی کا سیدھا حملہ نیند پر ہوتا ہے۔یہ سب سے تکلیف دہ کیفیت  ہوتی ہے جب آپ کا پورا جسم تھکن سے چور ہو، آنکھیں جل رہی ہوں، لیکن جیسے ہی آپ تکیے پر سر رکھیں، آپ کا دل تیزی سے دھڑکنے لگے اور دماغ چوکنا ہو جائے۔ اسے سائنس میں Hyperarousal Mode کہتے ہیں۔ جسمانی طور پر شدید تھکے ہونے کے باوجود جب آپ بستر پر لیٹتے ہیں، تو دماغ جاگ اٹھتا ہے۔

 گھنٹوں کروٹیں بدلنے کے بعد بھی گہری نیند کوسوں دور رہتی ہے۔ اینگزائٹی کی وجہ سے جسم میں پائے جانے والے الرٹ کیمیکلز (Norepinephrine) آپ کے دماغ کو سونے نہیں دیتے، جس کے نتیجے میں آپ رات بھر کچی نیند سوتے ہیں اور صبح اٹھ کر مزید بیمار محسوس کرتے ہیں۔

 رات کو بستر پر لیٹنے کے بعد نیند کا نہ آنا، دماغ میں سارے دن کی باتیں گھومنا۔ کچھ لوگوں کو نیند آ بھی جائے تو بار بار آنکھ کھل جاتی ہے اور دوبارہ نیند نہیں آتی۔ صبح اٹھنے پر بھی تھکاوٹ محسوس ہونا جیسے ساری رات سوئے ہی نہ ہوں۔ نیند پوری نہ ہونے سے اگلے دن چڑچڑاپن اور بھی بڑھ جاتا ہے۔

اگر آپ ان میں سے کسی بھی چیز کا سامنا کر رہے ہیں، تو خود کو سست یا ناکارہ سمجھ کر ملامت کرنے کے بجائے ایک لمبا، گہرا سانس لیں اور خود سے کہیں: "میرا جسم مجھے بتا رہا ہے کہ مجھے تھوڑا رکنے، سانس لینے اور آرام کرنے کی ضرورت ہے، اور یہ بالکل ٹھیک ہے۔"


یہ بھی پڑھیں

کیا ڈیجیٹل دنیا نے آج کے انسان کو تھکا دیا ہے؟

اینگزائٹی اور ذہنی دباؤ کی 6 بڑی وجوہات: کون سے عوامل آپ کے ذہن کو متاثر کرتے ہیں؟

وزن بڑھنے کی اصل وجوہات اور کریش ڈائٹنگ کے بغیر مستقل فٹ رہنے کا گھریلو علاج


پوچھے گئے عام سوالات (FAQs)

1۔ کیا ذہنی تناؤ (Stress) اگے چل کر اینگزائٹی (Anxiety) بن سکتا ہے؟

جی ہاں، اگر مسلسل رہنے والے ذہنی تناؤ کا وقت پر حل نہ نکالا جائے تو یہ دائمی اینگزائٹی اور پینک اٹیکس (Panic Attacks) کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

2۔ اینگزائٹی کی سب سے عام جسمانی علامت کیا ہے؟

دل کی دھڑکن کا تیز ہونا، سانس پھولنا، ہاتھوں میں کپکپاہٹ اور معدے میں بے چینی (Stomach Upset) اینگزائٹی کی سب سے عام جسمانی علامات ہیں۔

3۔ ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی میں سب سے بڑا فرق کیا ہے؟

ذہنی تناؤ کی ایک واضح خارجی وجہ (External Trigger) ہوتی ہے (جیسے کام کا بوجھ یا امتحان)، جبکہ اینگزائٹی اکثر بغیر کسی واضح وجہ کے اندرونی خوف اور مسلسل پریشانی کی صورت میں موجود رہتی ہے۔

4۔کیا اینگزائٹی اور ذہنی دباؤ میں جسمانی درد (Physiological Pain) محسوس ہو سکتا ہے؟

جی ہاں، اینگزائٹی اور شدید اسٹریس کے دوران جسم میں تناؤ (Muscle Tension) بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے پٹھوں میں کھچاؤ، گردن و شانے کا درد، اور سر درد (Tension Headache) کی شکایت ہو سکتی ہے۔

 5۔میں کیسے پہچان سکتا ہوں کہ مجھے عام پریشانی ہے یا اینگزائٹی اٹیک (Anxiety Attack)؟

عام پریشانی کسی مخصوص مسئلے تک محدود ہوتی ہے اور حل ملنے پر ختم ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس، اینگزائٹی اٹیک اچانک ہوتا ہے جس میں دل کی دھڑکن تیز ہونا، شدید گھبراہٹ، چکر آنا، اور ایسا محسوس ہونا شامل ہے جیسے کوئی بڑی آفت آنے والی ہے۔

6۔کیا رات کو سونے کے وقت اینگزائٹی زیادہ بڑھ جاتی ہے؟

جی بالکل، رات کے وقت جب دن بھر کی مصروفیت ختم ہوتی ہے تو ذہن آزاد ہوتا ہے اور غیر حل شدہ خدشات و سوچیں زیادہ حاوی ہو جاتی ہیں۔ اس سے نیند نہ آنا (Insomnia) اور بے چینی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


خلاصہ (Summary)

ذہنی تناؤ اور اینگزائٹی بظاہر ایک جیسے محسوس ہوتے ہیں لیکن ان میں بنیادی فرق ان کے پیدا ہونے کے اسباب اور اثرات میں ہے۔ اسٹریس اکثر عارضی اور کسی خاص وجہ کی وجہ سے ہوتا ہے، جبکہ اینگزائٹی بغیر کسی ظاہری وجہ کے مسلسل خوف اور بے چینی کی صورت میں برقرار رہتی ہے۔ جسمانی و ذہنی علامات کو بروقت پہچاننا اس بات کی پہلی سیڑھی ہے کہ آپ اپنے اندرونی دباؤ پر کنٹرول حاصل کر سکیں۔


آپ کی رائے:

کیا آپ نے کبھی شدید اینگزائٹی یا اسٹریس کا سامنا کیا ہے؟ آپ اس صورتِ حال پر کیسے قابو پاتے ہیں؟ نیچے کمنٹ سیکشن میں اپنی رائے اور تجربہ ضرور شیئر کریں، آپ کی بات کسی اور کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے!

اینگزائٹی اور ذہنی دباؤ کی اصل وجوہات اور محرکات (Triggers) کے بارے میں جاننے کے لیے اس سیریز کا پارٹ2 ضرور پڑھیں۔


طبی ڈسکلیمر (Medical Disclaimer)

اس آرٹیکل میں فراہم کردہ معلومات صرف عمومی آگاہی اور تعلیم کے لیے ہیں۔ یہ کسی بھی طبی تشخیص، علاج یا ماہرِ نفسیات (Psychologist/Psychiatrist) کے پیشہ ورانہ مشورے کا متبادل نہیں ہے۔ اگر آپ شدید اینگزائٹی یا ذہنی دباؤ کا شکار ہیں تو براہِ مہربانی کسی مستند ڈاکٹر یا ماہرِ صحت سے رجوع کریں۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے