دوستی کا جنگل: میلو بندر نے پورے جنگل کواُلٹا کیوں لٹکا دیا؟

 

دوستی کا جنگل: میلو بندر نے پورے جنگل کواُلٹا کیوں لٹکا دیا؟


 دوستی کا جنگل سیریز - مہربانی اور امن کا سفر - (جہاں پھل، جانور اور پرندے دوست بن کر رہنا سیکھتے ہیں)


دوستی کا جنگل: میلو بندر نے پورے جنگل کواُلٹا کیوں لٹکا دیا؟  دوستی کا جنگل سیریز - مہربانی اور امن کا سفر - (جہاں پھل، جانور اور پرندے دوست بن کر رہنا سیکھتے ہیں)

ایک جادوئی دنیا جہاں دوستی، محبت، ہنسی، امید، خوشی اور مہم جوئی کی  دلچسپ، مزاحیہ اور دل کو چھو لینے والی کہانیاں ہر جگہ بکھری پڑی ہیں۔

تحریر: مریم افضل

Aug 3, 2026


(دوستی کے جنگل کی مزاحیہ، شرارتی اور دل کو خوش کر دینے والی ایک رنگین کہانی)


ایک پُرسکون صبح… اور ایک بڑا دھپاق!

دوستی کے جنگل میں آج صبح بہت ہی پُرسکون تھی۔ ہوا آہستہ آہستہ چل رہی تھی ، پرندے میٹھے گیت گا رہے تھے ، اور مس بیری اپنے باغ میں سرخ سرخ اسٹرابیریز چن رہی تھیں۔

"آج کا دن تو بہت اچھا لگ رہا ہے…" انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا۔

اور بالکل اُسی لمحے—

"بچااااؤ!"

"میں گر رہا ہوں!"

"اوہ نہیں، نہیں، نہیں—"

"دھپااااک!"

پورا درخت زور سے ہل گیا۔ مس بیری نے چونک کر اوپر دیکھا۔ ایک شاخ سے میلو بندر الٹا لٹکا ہوا تھا… اور اس کے ساتھ ببلو کیلا بھی!

"میلو!" مس بیری بولیں، "تم پھر کیا کر رہے ہو?!"

میلو زور زور سے ہنسنے لگا: "ہی ہی ہی! میں نے نیا کھیل ایجاد کیا ہے!"

"تو اس کھیل میں سب درخت سے کیوں گر رہے ہیں?!" ببلو چیخا۔

"کیونکہ یہی تو مزہ ہے اس میں!" میلو نے اتراتے ہوئے کہا۔

نیا زاویہ اور اداس بیلیں

کچھ دیر بعد عظیم بلوط کے درخت کے نیچے سب جمع تھے۔ لومی بنی پریشان بیٹھی تھی، "میلو صبح سے سب کو الٹا لٹکا رہا ہے…"

چنچل گلہری قہقہے لگا رہی تھی، جبکہ ببلو نے غصے سے بتایا: "اس نے موٹے تربوز کو بھی شاخ سے باندھنے کی کوشش کی!"

"میں ابھی تک ڈرا ہوا ہوں…" موٹا تربوز کانپتے ہوئے بولا۔

"میرا سر ابھی تک کیلے کے شیک جیسا گھوم رہا ہے!" ببلو نے منہ بنایا!

میلو نے سینہ پھلایا: "تم لوگ سمجھ نہیں رہے دوستو! یہ دنیا کو نئے زاویے سے دیکھنے کی مشق ہے!"

"ہمممم! میں نے بھی اس نئے زاویے سے مٹی کھائی ہے!" ببلو بڑبڑایا۔

اور اسی وقت… "چررر… کی"

ایک پراسرار آواز آئی۔ سب نے اوپر دیکھا، درختوں کے درمیان لگی بیلیں آہستہ آہستہ نیچے گر رہی تھیں۔

"ارے؟" لومی حیرت سے بولی، "یہ بیلیں اتنی کمزور اور اداس کیوں لگ رہی ہیں؟"

اتنے میں دانشمند ہدہد (ہوپو) ایک شاخ پر آ بیٹھا۔ اس نے بیلوں کو غور سے دیکھا اور بولا:

"یہ بیلیں اداس ہیں۔"

"کیا بیلیں بھی اداس ہوتی ہیں؟" ببلو نے تعجب سے پوچھا۔

"ہاں!" ہدہد نے جواب دیا، "ہر وہ چیز اداس ہوتی ہے جسے نظر انداز کیا جائے۔ کل تک ان پر جھولے لگتے تھے اور پرندے ان پر بیٹھ کر گاتے تھے۔ لیکن آج سب درختوں سے الٹا لٹکنے میں مصروف تھے اور انہیں کسی نے توجہ نہیں دی۔"

بیلوں کو ہنسانے کی کوشش 🎵 🎵 🎵!

میلو نے آنکھیں جھپکیں: "اوہ…"

جنگل کا راجہ کوکو شیر آہستہ آہستہ چلتا ہوا آیا اور مرجھائی بیلوں کو دیکھ کر بولا:

"جب ہم صرف اپنی مستی میں کھو جائیں… تو کبھی کبھی ضروری چیزیں بھول جاتے ہیں۔"

مس بیری نے چٹکی بجائی! "میرے پاس ایک خیال ہے! اگر بیلیں اداس ہیں… تو کیوں نہ ہم انہیں خوش کریں؟"

جلد ہی پورا جنگل کام میں لگ گیا!

  • لومی بنی انہیں تازہ پانی دے رہی تھی
  • موٹو تربوز احتیاط سے مٹی جما رہا تھا
  • اور سنگترے نے خوشی سے گانا شروع کر دیا:

🎵🎵🎵

خوش رہو بیلو، مت مرجھاؤ،

خوشی کے ہمیشہ گیت سناؤ!

مست رہو اور جھومو گاؤ،

آؤ سب مل کر انہیں ہنساؤ…

ہی ہی ہی… کیسا!

🎵🎵🎵

"واہ واہ! کیا گانا تھا!" کیکو کھیرا جوش سے بولا ۔

سچی معافی اور رنگوں کی واپسی

میلو کچھ دیر خاموش کھڑا رہا۔ پھر آہستہ سے بیلوں کے پاس آیا۔

"سوری…" اس نے دھیرے سے کہا، "میں بس کھیل میں اتنا مصروف ہو گیا کہ میں نے دھیان ہی نہیں دیا کہ تم اداس ہو رہی ہو…"

ہدہد مسکرایا: "قدرت ہمیشہ سنتی ہے… خاص طور پر سچی معافی۔"

اور پھر اچانک— "شششش!"

بیلوں نے ایک دم سے انگڑائی لی اور ان میں خوشی دوڑ گئی! مرجھائے پتے سیدھے ہو گئے، سبز رنگ واپس آنے لگا اور بیلیں پھر سے جھومنے لگیں!

"یہ پھر سے ٹھیک ہو رہی ہیں!" لومی خوشی سے چلائی!

میلو بھی اچھل پڑا: "ییییس!" …اور پھر وہ اپنے ہی پاؤں پر پھسل گیا۔

"دھڑام!"

ببلو ہنستے ہنستے زمین پر گر گیا: "آخرکار دنیا سیدھی ہو گئی!"

ایک خوبصورت شام

شام تک پورا جنگل پھر سے خوشی سے جھومنے لگا۔ بیلوں پر دوبارہ سے جھولے لگ گئے تھے اور پرندے میٹھے گیت گا رہے تھے۔

مس بیری نے مسکرا کر پوچھا: "آج ہم نے کیا سیکھا؟"

چنچل فوراً بولی: "کہ ببلو کو درخت پر نہیں لٹکانا چاہیے!"

(سب کھلکھلا کر ہنس پڑے)

ہدہد نے آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا:

"مزہ خوبصورت ہے… لیکن دوسروں کا خیال رکھنا اس سے بھی زیادہ خوبصورت ہے۔"

کہانی کا پیارا سبق (Moral of the Story)

کھیلنا اور مستی کرنا بہت اچھی بات ہے، لیکن اپنے ارد گرد کی چیزوں، فطرت اور دوستوں کے احساسات کا خیال رکھنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔


یہ بھی پڑھیں!


آپ کو آج کی کہانی کیسی لگی؟

 آپ کو سب سے زیادہ ہنسی کس بات پر آئی؟

اپنی رائے اور پسندیدہ حصہ ہمیں ضرور بتائیں۔

 اگلی قسط میں دیکھتے ہیں ،  اب نیاکیا ہوتا ہے؟


ایک تبصرہ شائع کریں

3 تبصرے

  1. گمنام03 اگست

    بہت خوب ۔ بہت ہلکے پھلکے اندز میں بہت گہری باتیں سمجھانے کی بہت اچھی کوشش ہے ۔بچوں کے اندر مل جل کے رہنے اور ایک دوسرے کا احساسِ پیدا کرنے کی اچھی کاوش ہے stay blessed

    جواب دیںحذف کریں
  2. گمنام04 اگست

    Bahot maza aya story parh ky. dilchasp or sabaq amoz tory hy. Agli story jald shaya karen 👍

    جواب دیںحذف کریں

خوش آمدید! آپ کی رائے ہمارے لیے قیمتی ہے۔ براہ کرم اپنی بات ادب و احترام سے شیئر کریں، کیونکہ صحت مند گفتگو ہی صحت مند زندگی کا آغاز ہے۔ شکریہ